لاہور ہائیکورٹ کی آئندہ ہفتے سنے جانیوالے مقدمات کی کازلسٹ جاری

12-02-2023

(لاہورنیوز) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے سنے جانے والے مقدمات کی کازلسٹ جاری کردی۔

لاہور ہائیکورٹ  میں سابق  چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت نو مئی کے  دیگر مقدمات میں ضمانتیں  خارج کرنے کے خلاف درخواستیں سماعت کےلیے مقرر کردی گئیں،جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 4 دسمبر کو سماعت کرے گا۔ خیال رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے خارج  ضمانتوں کو بحال کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے منشا بم کی دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست ضمانت بھی سماعت کے لیے مقرر کردی،جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ 5 دسمبر کو سماعت کرے گا،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے منشا بم کی درخواست ضمانت خارج کی تھی۔ صنم جاوید کی آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی 4  دسمبر کو  کریں گے،صنم جاوید نے عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج کرنے پر آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی ایکٹیوسٹ  خدیجہ شاہ کی نظر بندی اور آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پرجسٹس علی باقر نجفی 5  دسمبر کو سماعت کریں گے۔