وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور پرائم سی بی ڈی کا باضابطہ افتتاح کردیا

12-02-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور پرائم سی بی ڈی کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

لاہور پرائم سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ کا جدید انفراسٹرکچر مکمل ہونے پر منصوبے کا افتتاح کیا گیا،سڑک کی تعمیر سے عسکری 5، گلبرگ 2  اور فالکن کے رہائشیوں کو براستہ سی بی ڈی پنجاب مین بلیوارڈ گلبرگ اور کلمہ چوک تک رسائی آسان ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے والٹن روڈ تک زیر تعمیر بلیوارڈ کے پورے روٹ کامعائنہ کیا،لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کا  انفراسٹرکچر منظور شدہ پی سی ون کے مطابق 332 ملین روپے کی  لاگت سے مکمل کیا گیا۔  انفراسٹرکچر میں روڈورکس، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام، بجلی، پانی اور گیس کی فراہمی، سٹریٹ لائٹنگ، آئی سی ٹی حفاظتی اقدامات اور لینڈ سکیپنگ  اعلیٰ ترین معیار کے مطابق تعمیر کیے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  آج سی بی ڈی کا ایک اور وعدہ پورا ہوا، گلبرگ کی قیمت سے ڈبل ریٹ پر یہ پلاٹ بیچے گئے،سی بی ڈی کے پاس ابھی بہت زیادہ پراپرٹی موجود ہے،  کلمہ چوک سڑک کو بہت جلد والٹن اور ڈیفنس سے ملایا جائیگا۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا سی بی ڈی راولپنڈی میں جگہ کا تعین کرے، لاہور کے بعد راولپنڈی اور ملتان میں بھی سی بی ڈی کا منصوبہ بنایا جائے گا ،یہ حکومت کی وہ زمینیں ہیں جو کئی سال سے خالی پڑی ہیں، ان زمینوں سے اربوں روپے کی آمدن حاصل کی جاسکتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں نگران صوبائی  وزراء ، سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین، سی او او  بریگیڈیئرریٹائرڈ منصور جنجوعہ، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر  رافعہ حیدر اور دیگر نے شرکت کی۔