پیپلزپارٹی پنجاب میں ن لیگ کے مخالف ووٹ کو حاصل کرنا چاہتی ہے: رانا ثنا اللہ

12-02-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں (ن) لیگ کے مخالف ووٹ کو حاصل کرنا چاہتی ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 85 فیصد حلقوں کے حوالے سے جلد اعلان کر دیا جائے گا، جہاں کوئی ڈسپیوٹ ہوا وہاں پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا، دانیال عزیزنے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی، انہیں شوکازنوٹس جاری کر دیا، دانیال عزیز شوکاز کا جواب7دن کےاندرجمع کرائیں، دانیال عزیزاس قسم کی بیان بازی سے اجتناب کریں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی مخالف بات کرکے ہی ووٹرز کواٹریکٹ کر سکتی ہے، اوئے، توئے کے کلچر نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت جمہوری روایات کو پیش نظر رکھے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے امیدواروں کو بلایا گیا تھا، تمام امیدواروں کا پارلیمانی بورڈ میں انٹرویو کیا گیا، واضح طور پر اعلان کرتے ہیں اٹھارویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنا چاہتے، پاکستان کو آج تباہ کن مہنگائی کا سامنا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کرکے گیا، مہنگائی کا ذمہ دار سابق چیئرمین پی ٹی آئی ہے۔ ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے چند اصول طے کئے ہیں، جو ورکرز جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہاں کوئی اور آپشن نہیں ہے، رانا ثنا اللہ سے سوال کیا گیا کچھ حلقے کہہ رہے ہیں نوازشریف بقیہ علاج کے لئے شاید لندن جائیں گے، انہوں نے مسکرا کر جواب دیا یہ کونسے حلقے ہیں آپ ہی کہہ رہے ہیں۔