سڈنی ایئرپورٹ پر پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر رکھا، تصاویر وائرل

12-02-2023

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سڈنی ایئرپورٹ پہنچ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کیا جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان شان مسعود کی قیادت میں آسٹریلیا کے دورے پر سڈنی پہنچی تھی۔ سڈنی پہنچ کر ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اپنا سامان ٹرک میں رکھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں نے وقت بچانے کیلئے اپنا سامان خود ٹرک میں لوڈ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سڈنی سے کینبرا پہنچی جہاں آج 2 دسمبر کو آرام کرنے کے بعد کل 3 دسمبر سے اپنے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔