مہنگائی سے شہریوں کی مشکلات دُگنی ہو گئیں

12-01-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی سے شہریوں کی مشکلات دُگنی ہو گئیں۔ سبزیاں، پھل اور برائلر مزید مہنگے ہو گئے۔

سرکاری ریٹ لسٹ میں اضافے کے باوجود بازاروں میں دام مزید بُلند ہیں۔ مارکیٹ کمیٹی  نے 9 سبزیوں کی قیمتیں بڑھا دیں۔ ادرک 5 روپے مہنگا، قیمت 585 روپے مقرر ، مارکیٹ میں 800 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔ موسمی سبزیوں میں ٹینڈے 77 روپے  مقرر، مارکیٹ میں 150 روپے کلو تک دستیاب ہیں۔ آلو 100 روپے کے بجائے 130 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگے۔ بینگن اور پالک 70 روپے، ساگ 80 روپے، پھول گوبھی 100 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ شلجم 100 روپے جبکہ اروی 160 روپے فی کلو تک بِک رہی ہے۔ موسمی پھل بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہیں۔ 3   پھلوں کے دام بھی بڑھا دیئے گئے۔ انار بدانہ 580 روپے کلو مقرر، بازار میں 950 روپے کلو تک فروخت، امرود کی فروخت 140 روپے کے بجائے 200 روپے کلو تک جاری ہے۔ انگور 340 روپے کے بجائے 500 روپے کلو تک میں بیچے جا رہے ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں برائلر بھی 3 روپے بڑھا کر 484 روپے کلو کر دیا گیا جبکہ انڈوں کی قیمت 333 روپے فی درجن پر برقرار ہے۔ شہری کہتے ہیں ہر دکاندار کا اپنا ریٹ ہے۔ کیا خریدیں کیا نہ خریدیں، کچھ سمجھ نہیں آتا۔