ایل ڈی اے میں بدعنوانی کا سکینڈل،'لاہور نیوز' کی نشاندہی پر انکوائری کا حکم

12-01-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور ٹینڈرز کے نام پر بدعنوانی کے سکینڈل میں "لاہور نیوز" کی نشاندہی پر کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا۔

ایل ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ایک سال میں 10بار  لوڈر  اور  ڈمپر گاڑیوں کی مرمت کی منظوری کروائی گئی،گاڑیوں کی مرمت کے نام پر ایک کروڑ 15 لاکھ  روپے سرکاری خزانے سے نکلوائے گئے،ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ ہونے کے باوجود گاڑیاں ٹھیک نہ ہوئیں۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ای ایم ای نے مزید ٹینڈرز بھی  لگا دئیے،ایل ڈی اے کے ای ایم ای ڈائریکٹوریٹ اور ورکشاپ کی مبینہ ملی بھگت سے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، 30لاکھ  روپے سے  زائد  رقم خرچ کرنے کے باوجود دو  گاڑیاں  بدستور خراب ہیں۔ ایل ڈی اے کی جانب سے مزید دو گاڑیوں پر 17لاکھ 92ہزار روپے سرکاری خزانے سے لگائے گئے،ایک سال میں  ایک  لوڈر گاڑی  کی مرمت پر 11 لاکھ 74 ہزار روپے  خرچ کیے گئے،ایک ٹریکٹر کی مرمت پر 6 لاکھ 29 ہزار اور دوسرے پر 6 لاکھ 11 ہزار روپے پھونک دئیے گئے،دونوں ٹریکٹرز پر مزید 4لاکھ 65ہزار روپے خرچ ہوں گے۔ دو ڈمپر ٹرکوں کی مرمت کیلئے ایک سال میں متعدد ٹینڈرز لگائے گئے، دونوں ڈمپر ٹرک پچاس لاکھ  روپے خرچ کرنے کے باوجودخراب ہی۔ گاڑیوں کی مرمت پر اضافی اخراجات اور چیکنگ کے لیے ڈی جی ایل ڈی اے نے انکوائری کا حکم دے دیا، گاڑیوں کی  لاگ بک اور دیگر دستاویزات بھی طلب کر لیں۔