انتظامیہ ان ایکشن، ایک ماہ میں 11 ہزار سے زائد تجاوزات کا خاتمہ

12-01-2023

(لاہور نیوز) شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کی شامت آگئی ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) نے ایک ماہ میں 11 ہزار سے زائد تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری  ہے، ایم سی ایل نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف آپریشنز میں 11 ہزار 164 تجاوزات کا خاتمہ کر دیا،انسداد تجاوزات آپریشن میں 36 لاکھ 45 ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔ ایم سی ایل کی جانب سے 5ہزار604  وارننگ نوٹسز اور3ہزار  290 جرمانے کے نوٹسز جاری کئے گئے،شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں سے 29 ہزار 990 بینرز ہٹائے گئے،چیل گوشت کے 140 پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جبکہ تجاوزات پر 42 ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں۔ ایل ڈی اے اور ٹیپا بھی پارکنگ ایریاز واگزار کرانے  کیلئے کارروائیوں میں مصروف ہے، ایل ڈی اے ٹیموں نے جیل روڈ پر واقع املاک کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لینڈ مارک پلازہ میں ریمپ پر تعمیر شدہ دروازہ  اور دیگر تعمیرات مسمار کردیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پارکنگ ایریا نہ دینے پر ہائی کیو ٹاور جیل روڈ کا آفس سربمہر  کر دیا،جیل روڈ پر تہہ خانے میں بنے دو کیفے ٹیریاز بھی  سربمہر کر دئیے گئے۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ چیف آفیسر اور میٹروپولیٹن افسران چیکنگ  اور مانیٹرنگ نظام کو فعال کریں، شہر میں آمدورفت اور ٹریفک مسائل پر قابو پانے  کیلئے انسداد تجاوزات آپریشن اہم ہے۔