شہر کے ترقیاتی کام پھر التوا کا شکار، ورکنگ پیپرز کی فائل بند

12-01-2023

(لاہور نیوز) شہر کے ترقیاتی کام پھر التواء کا شکار ہو گئے، ایک ارب 40کروڑ روپے کی دس ترقیاتی سکیموں کے ورکنگ پیپرز کی فائل بند کر دی گئی۔

بلدیہ لاہور نے شہر کے 9 زونز میں ایک ایک ترقیاتی سکیم کا چناؤ کیا،کماہاں لدھڑروڈ پر 15 کروڑ 90 لاکھ روپے  کی لاگت سے بڑی سڑک  کی تعمیر التواء کا شکار ہو گئی،آشیانہ روڈ کی  18 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت  رپورٹ  بھی بند کر دی گئی۔ 14 کروڑ روپے سے میاں شریف پورہ روڈ  کی تعمیر بھی لٹک گئی،25 کروڑ 70 لاکھ روپے سے بننے والی راوی روڈ سکیم  کی فائل بھی  بند کر دی گئی، 19 کروڑ 60 لاکھ روپے سے علامہ اقبال روڈ کی تعمیر بھی فائلوں تک محدود ہو کر رہ گئی، 14 کروڑ 60لاکھ روپے سے ایبٹ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی سست روی کا شکار ہو گیا۔ 8 کروڑ  روپے سے مائی گامی روڈ کی تعمیر کی فائل بھی آگے نہ بڑھ سکی، 3 کروڑ 62 لاکھ روپے  سے لیک روڈ انارکلی  بھی تعمیر کی منتظر ہے، 19 کروڑ 50لاکھ  روپے سے نوناریاں روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی فائلوں میں گم ہو کر رہ گیا۔ نئی سکیموں کی منظوری الیکشن کمیشن  اور ڈپٹی کمشنر لاہور کی اجازت سے مشروط ہے۔