ذیابیطس سے بچاؤ چاہتے ہیں تو تیز رفتار سے چلیں!

12-01-2023

(ویب ڈیسک) حالیہ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ تیزی سے چلنا ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس چیز کو اپنے طرزِ زندگی کا حصہ بنا کر ذیابیطس کے خطرے کو دور کیا جاسکتا ہے۔

امپیریل کالج لندن سمیت محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم کی جانب سے ذیابیطس سے بچنے کے لیے چلنے کی رفتار کا تعین کرنے کے لیے تحقیق کی گئی۔ تحقیق میں سائنس دانوں نے 1999 سے 2022 کے درمیان شائع ہونے والے 10 مطالعوں کا جائزہ لیا جس میں تین سے 11 سال تک کا فالو اپ بھی شامل تھا۔ اس تحقیق میں برطانیہ، جاپان اور امریکا سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 8 ہزار 121 مریضوں نے شرکت کی۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ 3 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان کی رفتار سے چلنا 3 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے کم پر چلنے کے مقابلے میں ذیابیطس کے امکانات کو 15 فیصد تک کم کرتا ہے جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے درمیان چلنے سے بیماری کے امکانات 24 فیصد تک کم دیکھے گئے۔ برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق وہ افراد جو 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز چلتے تھے ان کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات 39 فیصد تک کم تھے۔ محققین کے مطابق تیز تیز چلنا وزن کم کرنے کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے جس سے انسولین کی حساسیت کے بہتر ہونے میں مدد ملتی ہے۔