چین کی گورننس اور پولیسنگ کا نظام رول ماڈل ہے: محسن نقوی

12-01-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کی گورننس اور پولیسنگ کا نظام رول ماڈل ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی سے چینی صوبے جیانگ سو کے پولیس چیف تھان یونگ شنگ نے ملاقات کی ہے، پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس کے درمیان اشتراک کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مؤثر پولیسنگ کے نظام کے لئے چین کی معاونت کے شکر گزار ہیں، سیاحوں اور دیگر چینی شہریوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے گورننس اور پولیس نظام کو بہتر بنانا ہے۔ چینی صوبے کے پولیس چیف نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو جیانگ سو کے دورے کی دعوت دی، جیانگ سو پولیس چیف کا کہنا تھا کہ جیانگ سو اور لاہور میں بہت سی قدریں مشترک ہیں، پنجاب پولیس سے اشتراک کار کے لئے جامع پلان لے کر آئیں گے۔ تھان یونگ شنگ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید آلات کی تنصیب اور استعمال کی ٹریننگ بھی دیں گے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا نیا دور شروع ہورہاہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور چینی وفد کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔