چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت جی ڈی پی کے تخمینہ بارے پہلا اجلاس

11-30-2023

لاہور: (حسن رضا) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت صوبائی جی ڈی پی کے تخمینہ کے حوالے سے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ایڈیٹوریم میں پہلا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان  نے کہا کہ آج کا مشاورتی اجلاس مستقبل کی درست منصوبہ بندی کے لیے بڑا مفید ثابت ہو گا، پنجاب کا پاکستان کی مجموعی اکانومی میں اہم کردار ہے، بالخصوص اہم سیکٹرز انڈسٹریز، زراعت اور سروسز  میں پنجاب کا رول  بہت اہم اہمیت کا حامل ہے۔  چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ  قابل اعتماد درست ڈیٹا  وفاق میں وسائل کی تقسیم اور معاشی منصوبہ بندی میں مدد فراہم کرتا ہے، فیصلہ سازی کے لئے درست ڈیٹا پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کے لئے بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی سیکرٹریز ، ایس ایم بی آر پنجاب نبیل جاوید ، ڈپٹی  چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب اور چیف شماریات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر نعیم الظفر، اقتصادیات کے ماہرین، عالمی اداروں ورلڈ بینک،اے ڈی بی، یو این ڈی پی، ایف سی ڈی او اور جی آئی زی کے نمائندگان  بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔