شہر میں قبضہ مافیا بے لگام،اراضی واگزار کروانے کی مہم دم توڑنے لگی

11-30-2023

(لاہور نیوز) سیاسی کشمکش کے باعث قابضین کو کھلی چھٹی مل گئی، شہر میں قابضین سے اراضی واگزار کروانے کی مہم دم توڑنے لگی۔

لاہور کے 363 موضع جات میں 7ہزار کنال رقبہ پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری زمین کی مالیت 80ارب سے زائد ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ریونیو رپورٹ کے مطابق نجی 6سو ایکڑ زمین واگزار نہ ہونے پر مالکان پریشان ہیں، پانچ تحصیلوں میں تحصیل کینٹ، ماڈل ٹاؤن اور شالامار میں 5ہزار کنال زمین قابضین کے پاس موجود ہے جبکہ سٹی اور رائیونڈ تحصیل کی 2ہزار کنال اراضی پر قابضین برا جمان ہیں۔ انتظامیہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحصیل کینٹ کے 14موضع جات سے 637کنال10مرلے زمین واگزار کروائی گئی،تحصیل رائیونڈ کے 5موضع جات سے 264کنال 11مرلہ زمین واگزار  ہوئی،تحصیل شالامار کے 10موضع جات سے 506کنال 14مرلہ زمین واگزار کروائی جا چکی ہے۔  ضلعی انتظامیہ لاہور صوبائی ملکیتی  اراضی محکموں کو الاٹ کرے گی، ایل ڈی اے ،پی ایچ اے ،واسا ، زراعت، جنگلات کے محکموں کو اراضی الاٹ کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان رشید کا کہنا ہے قابضین سے زمین کی واگزاری کا سلسلہ جاری ہے۔