تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کیخلاف درخواست پر وفاق کو دلائل کی مہلت

11-30-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کرنے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کے وکیل کو دلائل کیلئے مہلت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کرکے تاحیات نااہلی کی مدت کو ختم کر کے پانچ برس کردیا گیا، سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 62ایف ون کی پہلے ہی تشریح کر چکی ہے، الیکشن ایکٹ میں ہونے والی نااہلی کی ترمیم آئین اور قانون کے منافی ہے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت دلائل  کیلئے  مہلت فراہم کرے، عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔