190ملین پاؤنڈ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کا ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع
11-30-2023
(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں ضمانت کیلئے احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکلاء لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز کی وساطت سے درخواست ضمانت احتساب عدالت میں دائر کی، درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیسز بنا کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیا ،نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت میں ہی نوٹس وصول کرلیا۔ بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتار کی درخواست پر سماعت4 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔