کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس آج طلب، اہم فیصلے متوقع

11-30-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سموگ کی صورتحال کے پیش نظر کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا، سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق سموگ کی روک تھام کیلئے صوبائی محکموں نے سافٹ سموگ لاک ڈاؤن کی تجویز تیار کر لی ہے، جمعہ کو سکول، کالج، یونیورسٹیز جبکہ ہفتے کے روز مارکیٹیں، جم، سینما اور فیکٹریاں بند کرنے کی تجاویز ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سموگ میں کمی لانے کیلئے ہفتے کے روز ریستوران بھی بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس میں صوبائی وزراء،  چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ماہرین ماحولیات و صحت،  سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔