عثمان خواجہ کو شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کا ٹاکرا یاد آگیا
11-30-2023
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے پاکستانی نژاد ٹیسٹ بیٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے بابراعظم کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے جبکہ بطوراوپنر شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہو گا جس کے لیے پاکستانی ٹیم براستہ دبئی آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں بابر اعظم، سرفرازاحمد، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور ابراراحمد کے علاوہ دیگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل عثمان خواجہ نے لاہور ٹیسٹ میں شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے آخری ٹاکرے کو سپرٹ آف کرکٹ کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا، شاہین آفریدی نے تیز بولنگ کی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کی، وارنر کو آؤٹ کرکے شاہین آفریدی نے مسکرا کر ہاتھ ملایا، پاکستان اور آسٹریلیا کی گزشتہ ٹیسٹ سیریز آن اور آف دا فیلڈ دونوں اعتبار سے شاندار تھی۔ آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا اس مرتبہ پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے، پاکستان کے پاس بابراعظم جیسا کھلاڑی ہے جس کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے، بابر اور سمتھ کا موازنہ ایسے ہی ہے جیسے کوہلی اور سمتھ کا موازنہ کیا جاتا ہے، عبداللہ شفیق اورامام الحق بھی بہترین بیٹرز ہیں۔ عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی کے پاس رفتار اور سوئنگ کے لیے بہترین کلائی ہے، بطور اوپنر 145 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے شاہین آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔ آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھی مچل سٹارک، پیٹ کمنز، سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ سمیت کئی اچھے نام ہیں، پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اچھی ثابت ہوگی۔