محسن سپیڈ! اکبر چوک فلائی اوور منصوبہ بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل
11-30-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ذاتی دلچسپی کے باعث لاہور کا چوتھا میگا منصوبہ اکبر چوک فلائی اوور بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گیا۔
اکبر چوک فلائی اوور کو 10 ماہ کی بجائے 7 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا، کنٹریکٹ کے مطابق منصوبے کی مدت تکمیل 10 ماہ مقررکی گئی، رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کے لیے آج کھولا جائے گا۔ اکبر چوک پر 1.1 کلو میٹر کے 2 فلائی اوورز اور 10 پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں عام ٹریفک کے لیے بننے والے یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے۔ اکبر چوک، شوک چوک، جناح ہسپتال، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، کچا چیل روڈ، پیکو روڈ اور مادرملت سمیت 10 مقامات پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بنائے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اکبر چوک فلائی اوورز کا آج افتتاح کریں گے۔ قبل ازیں بیدیاں انڈرپاس، شاہدرہ فلائی اوورز اور کیولری انڈر پاس کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولا جا چکا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اکبر چوک فلائی اوور سے کالج روڈ، پیکو روڈ کے اطراف میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا، یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں آسانی ہو گی، کالج روڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کر کے قیمتی درختوں کو بچایا گیا ہے اور ایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا بلکہ 285 درختوں کو محفوظ بنایا گیا ہے، منصوبے کے اطراف میں 300 نئے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔