لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے خنکی میں اضافہ

11-30-2023

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت نے سردی کی شدت بڑھا دی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی ہلکی بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا ہے، بارش کی وجہ سے لاہور پر چھائی سموگ میں بھی کمی ہوئی ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 192 ریکارڈ کی گئی ہے۔  ادھر قصور شہر و گردونواح میں آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں، سرد ہوا کے ساتھ ہلکی ہلکی بوندا باندی سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ دوسری جانب وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سمیت زیریں علاقوں میں شدید بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، سیاحتی مقامات رتی گلی، اڑنگ کیل، تاؤبٹ، لوات بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ادھر بلوچستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا، کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔