پاکستان ویمنز ٹیم کو کیویز الیون کے ہاتھوں پریکٹس میچ میں شکست
11-30-2023
(لاہور نیوز) نیوزی لینڈ الیون ویمنز نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹی 20 پریکٹس میچ میں 28 رنز سے شکست دیدی، منگل کو کھیلے گئے پہلے پریکٹس میچ میں پاکستان ویمنز نے 57 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
برٹ سٹکلف اوول لنکن میں آج کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ دی، انہوں نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز سکور کیے، جی ای پلیمر نے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ او این گین نے 28 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، نشرہ سندھو اور وحیدہ اختر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بنا پائی، منیبہ صدیقی نے چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی اننگز کھیلی، نجیہہ علوی 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے این ایچ پٹیل اور کے اے نائٹ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کا آغاز 3 دسمبر سے ہو گا، سیریزمیں 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں، ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔