شہباز شریف سے سابق ارکان اسمبلی، رہنماؤں کی ملاقات

11-29-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

شہباز شریف سے سابق ایم این اے سردار عرفان ڈوگر، سابق ایم پی اے چودھری محمود الحق، پارٹی رہنماؤں رانا مبشر اور طلحہ برکی نے ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق وزیراعظم نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہا، رہنماؤں نے قائد محمد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارک پیش کی، شہباز شریف نے نیک تمناؤں پر پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاؤں، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے اخلاص و استقامت سے یہ دن آیا الحمدللہ! جھوٹ کی تاریک رات کتنی ہی طویل کیوں نہ ہو سچائی کی صبح آخر ہو کر ہی رہتی ہے۔