اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، لاہور ہائیکورٹ بار

11-29-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار میں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کا اہتمام مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے سینئر نائب صدر چودھری نصیر کمبوہ کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین انجینئر مقصود علی کمبوہ نے شرکت کی۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار صباحت رضوی سمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں انجینئر مقصود علی کمبوہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں۔ ہم امریکہ میں رہ کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار صباحت رضوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انجینئر مقصود جیسی شخصیات کی ملک کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ تقریب سے مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے سینئر نائب صدر چودھری نصیر کمبوہ سمیت دیگر شرکا نے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔