پاکستان نے فلسطین پر ظلم کیخلاف کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا، حافظ طاہر اشرفی

11-29-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطین پر ہونے والے ظلم کے خلاف کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

حافظ طاہر اشرفی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے، 7 اکتوبر کو فلسطین میں حملوں کا آغاز ہوا تب سے اب تک پاکستان اپنے موقف پر کھڑا ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بھی کمیشن کا مطالبہ کیا اور آرمی چیف نے بھی فلسطین کے سفیر کو جی ایچ کیو بلا کر اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اگر فلسطین کے پاس مضبوط فوج ہوتی تو آج فلسطین کے ساتھ ایسا نہ ہوتا، پاکستان میں بھی فوج اور قوم میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا بھائی، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے لیکن اسے بھی سمجھنا ہو گا کہ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے۔