نواز شریف کی بریت پر لیگی رہنماؤں کا جشن، مٹھائیاں تقسیم کیں
11-29-2023
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جشن منایا اور متوالوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔
مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متوالوں میں مٹھائی تقسیم کی، وزیراعظم میاں نواز شریف کے نعرے لگائے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتے ہیں اور آج وہ سرخرو ہوئے، وقت نے ثابت کر دیا کہ ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے۔ سابق وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کی جانب سے بھی نواز شریف کے بری ہونے پر جشن کا اہتمام کیا گیا، مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی، کارکنوں نے میاں نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔