شہباز شریف کا ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر

11-29-2023

(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا، بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو ہر الزام سے بری کیا، الحمدللہ! قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ قید خانے، بے بنیاد مقدمات، چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردار کشی سمیت اذیت کا ہر حربہ اختیار کیا گیا لیکن اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی، الحمدللہ! اپنے قائد محمد نواز شریف کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیٹی مریم نواز شریف کو مبارک دیتا ہوں جس نے ہمت، صبر اور بے مثال بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا، پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارک دیتا ہوں جنہیں ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین تھا، پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جس بہادری سے اپنے قائد کا ساتھ دیا اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔