وزیراعلیٰ محسن نقوی کا رحیم یار خان میں کسانوں پر فائرنگ کا نوٹس، رپورٹ طلب

11-29-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رحیم یار خان کے نواحی علاقے ماچھکہ میں کسانوں پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسانوں پر فائرنگ کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لئے اضافی فورس تعینات کی جائے،واقعہ میں زخمی ہونیوالے کسانوں  کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ واضح رہے کہ  رحیم یار خان کے نواحی علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دیہاتیوں اور پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو بھی مارے گئے۔