تمام اقدامات بے سود، فضائی آلودگی بے قابو،شہر میں اوسط شرح 414 ریکارڈ

11-29-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی سموگ کو کم نہ کیا جا سکا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح آج بھی 414 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 517 جبکہ عامر ٹاؤن اور  مال روڈ   کے علاقے کا اے کیو آئی 477 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں آلودگی کم کرنے کے لیے مصنوعی بارش کا منصوبہ چار سے چھ ہفتوں کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کئی وجوہات سے منسلک ہے جن میں تکنیکی مشکلات اور پراجیکٹ کے ماہرین کی غیر اطمینان بخش کارکردگی شامل ہے، مصنوعی بارش برسانے کیلئے طیاروں کی عدم دستیابی تاخیر کی ایک اہم وجہ ہے۔ دوسری جانب  لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیےرات 10 بجے تجارتی سرگرمیاں بند کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔