پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ کے نسیم شاہ کیساتھ معاملات جلد طے ہونے کا امکان
11-28-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آئندہ ایڈیشن کے لئے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ساتھ معاملات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے۔
قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں کس ٹیم کی جانب سے کھیلیں گے اس حوالے سے تگ و دو جاری ہے۔ تاہم، ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے نسیم شاہ سے معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پی ایس ایل 9 نہ کھیلنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ ان کی پشاور زلمی سے بھی ڈیل مکمل نہیں ہوسکی تھی۔ تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم سے معاملات تقریباً حل کرلئے ہیں اورفرنچائز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ان کے بدلے ٹریڈ کے لئے رابطہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بدلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کسی بھی کھلاڑی سے ٹریڈ کرنے کی آفر کی ہے جس پر کوئٹہ نے دو دن کی مہلت مانگی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ذرائع کے مطابق فرنچائز فہیم اشرف، شاداب خان اور اعظم خان کو نہیں چھوڑے گی۔