چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر بڑا بیان

11-28-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر خاموشی توڑ دی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم نے ورلڈ کپ کے بعد ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے شوروغل میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے ہنگامہ برپا کر دیا تھا اور جس نے ہر کسی کو ہکا بکا کر دیا،تاہم اب چیف سلیکٹر نے بھی اس پر خاموشی توڑتے ہوئے بیان جاری کر دیا ہے ۔ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ میں عماد وسیم کو شاندار انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور جو خدمات انہوں نے کرکٹ کیلئے سرانجام دیں اس پر بھی انہیں سراہتا ہوں ، میں ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہش کا اظہار کرتا ہوں ۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں خراب کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے واپس پہنچنے پر سب سے پہلے بابراعظم نے کپتانی سے استعفیٰ دیا جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا تاہم ابھی تک ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔ دوسری بڑی تبدیلی چیف سلیکٹر کی دیکھنے میں آئی اور یہ عہدہ انضمام الحق کے بعد سابق فاسٹ بولراورمشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کو دیا گیا۔