شہباز شریف کی قیادت میں پارٹی کا اہم وفد تین روزہ دورے پر چین جائے گا

11-28-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ نون نے عوامی محاذ سے پہلے خارجہ محاذ سنبھالنے کا فیصلہ کر لیا۔ شہباز شریف کی قیادت میں پارٹی کا اہم وفد تین روزہ دورے پر چین جائے گا۔

نواز شریف کی امریکا اور برطانیہ سمیت اہم ممالک کے سفراء سے ملاقات کے بعد شہباز شریف بھی متحرک ہو گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا اہم وفد تین روزہ دورے پر چین جائے گا۔ شہباز شریف چین میں اہم کمیونسٹ رہنماؤں اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ لیگی وفد دسمبر کے پہلے ہفتے میں چین کے دورے پر جائے گا۔ لیگی قیادت کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری لانے اور چین کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے خارجہ محاذ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔