خود کو محسن نقوی کا عزیز بتاکروارڈنز کو دھمکانے والے ملزمان گرفتار

11-28-2023

(ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے خود کو وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا رشتہ دار بتاکر ٹریفک وارڈنز اور صحافی کو ڈرانے دھمکانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ٹریفک وارڈنز کو دھمکانے کے کیس میں پیش رفت ہوگئی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ ملزمان نے چند روز قبل چالان کرنے پر وارڈنز کو دھمکایا تھا اور خود کو محسن نقوی کا رشتے دار بھی ظاہر کیا تھا۔ ملزمان نے بغیر نمبر پلیٹ کار ڈرائیو کرنے والی ایک کم عمر لڑکی کو بھی پولیس حراست سے چھوڑنے کا کہا تھا۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی جس میں موقع پر موجود اعلیٰ پولیس افسران ملزمان کی دھمکیوں اور اثرورسوخ کے دباؤ میں نظر آئے، جس پر صارفین نے شدید تنقید کی۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا تھا۔