اعظم خان پر جرمانہ: شائقین کی کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید
11-28-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹی20 کپ کے دوران بلے پر فلسطین کا جھنڈا لگانے والے نوجوان بیٹراعظم خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جرمانے نے شائقین کرکٹ کو مشتعل کردیا۔
گزشتہ روز کراچی میں کھیلے جارہے نیشنل ٹی20 کپ کے دوران کراچی وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے اعظم خان نے فلسطین کا لوگو اپنے بلے پر لگایا اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کرکٹرپرمیچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ بورڈ کی جانب سے کرکٹر پر جرمانہ ہونے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر فینز نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مداحوں نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعظم خان پر جرمانے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ صارفین نے ذکاء اشرف کی برطرفی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اعظم خان نے نیشنل ٹی20 کپ کے ابتدائی دو میچز میں بھی اسی بیٹ کا استعمال کیا تھا۔ اس سے قبل آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران وکٹ کیپر محمد رضوان نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنا ایوارڈ انکے نام کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے ٹوئٹر پر فلسطین کے حق میں ٹوئٹس کی تھیں۔