پاکستان رہائش کے اعتبار دنیا بھر میں سب سے سستا ملک قرار

11-28-2023

(ویب ڈیسک) مہنگائی کی عالمی لہر کے باوجود پاکستان رہائش کیلئے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دے دیا گیا۔

دنیا بھر میں مہنگائی نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے مگر عالمی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے جہاں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں اور مکانوں کے کرائے دنیا میں سب سے کم ہیں۔ ورلڈ اسٹیٹسٹکس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں زندگی گزارنا سب سے آسان ہے، یہاں کھانے پینے کی اشیا، مکانوں کے کرائے اور ریسٹورنٹس میں کھانوں کا ریٹ دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی سستا ترین شہر، کراچی اور لاہور بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ورلڈ اسٹیٹسٹکس کی رپورٹ کے مطابق سستے ملکوں کی درجہ بندی میں مصر دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ مہنگے ترین ملکوں میں برمودہ، سوئٹزرلینڈ اور کیمن آئی لینڈز سرفہرست ہیں۔