ڈیفنس کارحادثے میں 6افراد کی ہلاکت کا معاملہ،ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور

11-28-2023

(لاہور نیوز) ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم افنان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج  عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی، مدعی مقدمہ کی جانب سے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ دوران سماعت پولیس نے ملزم افنان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگتے ہوئے مؤقف  اپنایا کہ ملزم افنان کی عمر کے تعین کا ٹیسٹ کروا لیا ہے رپورٹ آنی باقی ہے جس پر  عدالت نے استفسار کیا کہ اب آپ کو جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟۔ پولیس نے جواب دیا کہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ اور فوٹو گرامٹک ٹیسٹ کروانا ہے، ملزم بار بار اپنا بیان بدل رہا ہے اس وجہ سے پولی گرافک ٹیسٹ کروانا درکار ہے، ملزم افنان سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کرنی ہے۔ بعدازاں عدالت نے  پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم افنان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔