پنجاب ڈینگی کے نشانے پر، مزید 79 کیسز رپورٹ
11-28-2023
(لاہور نیوز) موسم بدل گیا لیکن ڈینگی نے تیور نہ بدلے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے مزید 79 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 13ہزار 938 جبکہ لاہور میں ایک سال کے دوران ڈینگی کے 6 ہزار 307 کیسز سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 14، ملتان میں 06 اور فیصل آباد میں 05 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے،اسی طرح سرگودھا اور راولپنڈی میں 2،2، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ڈینگی کا 1،1 نیا مریض سامنے آیا۔ علی جان خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 57 مریض زیر علاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 36 مریض داخل ہیں۔ حکام محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں،ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔