سموگ: ہسپتالوں میں خشک کھانسی و سانس کے مریضوں میں اضافہ
11-28-2023
(لاہور نیوز) شہر میں ایئرکوالٹی انڈیکس اور فضائی آلودگی کی شرح میں اضافے کے باعث ہسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔
گزشتہ 3 روز میں شہر کے 5 بڑے ہسپتالوں میں اب تک سموگ سے متاثرہ 7 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جناح ہسپتال میں تین روز میں 2 ہزار 700سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں2500 سے زائد جبکہ گنگارام ہسپتال میں 2200 سے زائد مریض علاج معالجے کیلئے آئے۔ سموگ سے متاثرہ سیکڑوں مریضوں نے علاج معالجے کیلئے سروسزہسپتال اور جنرل ہسپتال کا بھی رخ کیا۔ ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ہسپتالوں میں فضائی آلودگی اور سموگ سے متاثرہ مریض بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں، بچے اور بزرگ افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، سانس میں دشواری کے مریضوں گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ جائیں۔ ڈاکٹر یداللہ نے کہا کہ پھیپھڑوں اور دمہ کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، سموگ کے باعث جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں متاثر ہو رہی ہیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت والے افراد اچھی خوراک، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔