چوہنگ میں میڈیکل کی طالبہ کا قتل، مزید تفصیلات سامنے آ گئیں

11-27-2023

(لاہور نیوز) چوہنگ میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ ملزمان نے فائرنگ کر کے طالبہ کو کیسے ہلاک کیا مزید تفصیلات سامنے آ گئیں۔

پولیس کے مطابق لڑکی سمیت تین افراد کار میں سوار تھے۔ ملزم عبدالرحمان کی گاڑی نے پیچھے سے مقتولہ کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ مقتولہ کی گاڑی میں سوار ڈرائیور  نے عبدالرحمان کا پیچھا شروع کر دیا۔ گاڑی کا پیچھا ہوتے دیکھ کر ملزم عبدالرحمان نے اپنے ماموں کو کال کر دی۔ ملزم کے ماموں عابد نے پیچھا کرتی گاڑی دیکھ کر فائرنگ کر دی۔ ملزم عابد کی چلائی گئی گولی مقتولہ تزئین کی کمر پر لگی۔ ملزمان نے سوسائٹی گیٹ پر کال کرکے متاثرہ خاندان کی گاڑی رکوائی۔ گاڑی میں فیملی سوار دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم عبدالرحمان کی عمر کوائف کے مطابق 17 سال دو ماہ ہے۔ فائرنگ کرنے والے ملزم عابد اور علی رضا گرفتار ہیں۔ عبدالرحمان سمیت دیگر تین ملزمان جلد گرفتار ہوں گے۔ ملزم عبدالرحمان ، ساجد اور امجد عبوری ضمانت پر ہیں۔ ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کروائی جائیں گی۔ ضمانت منسوخ ہوتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔