انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کی پی ٹی آئی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

11-27-2023

(ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کے لئے پی ٹی آئی کی دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کے لئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد نے کی ، ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کرانے کے لئے درخواست دائر کی ، آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف شفاف و غیر جانبدار الیکشن کرانا لازمی ہے۔ وکیل درخواست گزار  نے کہا کہ گورنر، نگران صوبائی حکومت متنازع ہو چکی ہے ، پی ٹی آئی کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں ہے، پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور نچلی سطح کی قیادت گرفتار ہے اور انہیں مقدمات  کا سامنا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔