ڈینگی کے ڈنک نہ رکے، صوبہ بھر سے مزید 95 کیسز رپورٹ
11-27-2023
(لاہور نیوز) موسم بدل گیا لیکن ڈینگی نے تیور نہ بدلے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے مزید95 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 13ہزار 781 جبکہ لاہور میں ایک سال کے دوران ڈینگی کے 6 ہزار 213 کیسز سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز ایک،گوجرانوالہ میں 12، ملتان میں 10 اور فیصل آباد میں 7 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے،اسی طرح اوکاڑہ اور بہاولپور میں ڈینگی کے 3،3 ساہیوال میں 2 ،شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، خانیوال اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ علی جان خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 102 مریض زیر علاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 60 مریض داخل ہیں۔ حکام محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں،ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔