لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز

11-27-2023

(لاہور نیوز) لاہورسمیت صوبہ بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا،لاہور میں 20 لاکھ 85 ہزار بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

قومی انسداد پولیو مہم کے تحت پنجاب بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد  پولیو مہم سات روز تک جاری رہے گی،بقیہ اضلاع میں مہم پانچ روزہ ہو گی۔ پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،2  لاکھ سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہوں گے، لاہور میں 14 ہزار پولیو ورکرز قطرے پلائیں گے،شہر میں 20 لاکھ 85 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال کاکہناہے کہ بیرونی وائرس سے پنجاب کو خطرات ہیں ،پولیو ویکسین پلا کر بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جائے گا،پنجاب تین سال سے پولیو سے پاک ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیو سے بچاؤ کے  قطرے پلائے جائیں گے،ویکسین کی متعدد خوراکیں وائرس کے خلاف بہترین تحفظ فراہم کرتی ہیں۔