آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو درکار بیرونی قرض کے تخمینے میں کمی

11-26-2023

(ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے پاکستان کو درکار قرضوں کے تخمینے میں کمی کردی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے رواں مالی سال اور اگلے مالی سال کے دوران پاکستان کے بیرونی قرضوں کی طلب124 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، جو کہ گزشتہ تخمینے سے 8 ارب ڈالر کم ہے، یاد رہے کہ چار ماہ قبل آئی ایم ایف نے یہ تخمینہ 131 ارب ڈالر لگایا تھا، جبکہ اس طرح مجموعی بیرونی قرضوں میں بیرونی پبلک قرض 103 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، جو سابقہ تخمینے کے مقابلے میں 5 ارب ڈالر کم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے یہ جائزہ رواں مالی سال 2023-24 اور اگلے مالی سال 2024-25 کیلیے جاری کیا ہے، ان تخمینوں پر اگلے سال فروری یا مارچ میں ہونے والے مذاکرات میں مزید بات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے بیرونی قرضوں کی طلب میں کمی کی بنیادی وجہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، بیرونی قرضوں کی کم ادائیگیاں اور چین کی طرف سے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ ہے۔