دنیا میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ فلسطین کا ہے: علامہ طاہر اشرفی

11-26-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ فلسطین کا ہے۔

لاہور پریس کلب میں چیئرمین پاکستان  علماءکونسل علامہ طاہر  اشرفی نے پریس کانفرنس کی،  چیئرمین مینارٹی الائنس  ڈاکٹر پال بھٹی  اور دیگر اقلیتی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علامہ طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ  غزہ میں جنگ ختم کرکے امن قائم کیا جائےاور آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت القدس ہو،جڑانوالہ میں جو کچھ ہوا اس پر آج بھی ہم معافی مانگتے ہیں، پاکستان کی قوم، فوج اور علما نے مل کر   فساد کے بھارتی  منصوبے کو ناکام بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی  مسیحیوں کے مقدس مقامات  اسرائیل میں ہیں مگر  وہ فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کی خاطر اسرائیل نہیں جاتے،ہمیں انکے اس جذبے کی قدر کرنی چاہئے۔ چیئرمین آل پاکستان مینارٹیز الائنس ڈاکٹر پال بھٹی نے کہا کہ  فلسطین اور کشمیر دنیا کے سب سے بڑے مسائل ہیں،اگر یہ دونوں مسائل حل ہوجائیں تو دنیا میں امن ممکن ہوسکے گا،عالمی سطح پر اپیل کرتا ہوں کہ فلسطین کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے۔