تمام مسالک کو قومی یکجہتی کیلئے متحد ہونا ہوگا: وفاقی وزیر مذہبی امور
11-26-2023
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے، تمام مسالک کو قومی یکجہتی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔
لاہور میں قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیق احمد کا کہنا تھا کہ علماء انبیا کے وارث ہیں، یہ ہمارے معاشرے کے رہنما ہیں، اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت میں ہی ہماری کامیابی ہے، پاکستان ایک بنانا اسٹیٹ نہیں ہے، دین کیلئے جان دینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ہمیں جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے، میں قرآن کا خادم ہوں، قرآن کی بات کرتا ہوں، ہمیں ملکر قافلے کو آگے لیکر جانا ہے، پیغام پاکستان میں ہزاروں علما کی تائید و کاوش شامل ہے، ہم اہل کتاب سے توقع رکھتے ہیں کہ ہمارا اور اسکا مکالمہ ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا ختم نبوتﷺ پر ایمان ہے، جب جڑ میں کفر نہیں تو شاخوں میں کیسے ہوسکتا ہے؟، تکفیری فتوے نہیں دیئے جانے چاہئیں، اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ نہ کرنے والے ظالم ہیں، تمام مسالک کو قومی یکجہتی کیلئے متحد ہونا ہوگا، پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ انیق احمد نے مزید کہا کہ ہم نے حج پیکیج ایک لاکھ روپے کم کیا، پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آنے والا حج پچھلے حج سے سستا ہو۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے محبت سے فروغ پاتے ہیں، محبت کی دیواروں کو نفرت کی دیواروں سے اونچا کرنا ہوگا۔ خلیل جارج کا مزید کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے پاک افواج اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔