محسن نقوی کے صبح سویرے دورے، بیدیاں انڈرپاس کے سائیڈ روڈز کی تعمیر مکمل نہ ہونے پر اظہار برہمی

11-26-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے علیٰ الصبح بیدیاں اور کیولری انڈر پاسز کے دورے، وزیراعلیٰ نے بیدیاں انڈرپاس کے سائیڈ روڈز کی تعمیر مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیدیاں انڈر پاس سائیڈ روڈز کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر جواب طلب کر لیا۔ سائیڈ روڈز کی تکمیل کے لئے 25نومبر ڈیڈ لائن مقرر کی گئی،کام مکمل کیوں نہیں ہوا؟،ایل ڈی اے حکام وزیراعلیٰ کے سوال پر لاجواب ہوگئے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پیدل چلتے ہوئے کیولری انڈر پاس کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سنٹر پوائنٹ گلبرگ تا ڈیفنس موڑ انڈرپاس کے تعمیراتی معیار کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کیولری انڈر پاس کے اطراف میں سائیڈ روڈز اور نکاسی آب کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈبلیو ایم سی کو سائیڈ روڈز سے مٹی ہٹانے کی ہدایت کی۔  صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر،ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔