پنجاب: 26 ہزار سے زائد کم عمر ڈرائیورز کے چالان

11-25-2023

(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 26 ہزار سے زائد کم عمر ڈرائیورز کے چالان کئے گئے ۔

ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کا کہنا ہے کہ رواں برس صوبے کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر کم عمر ڈرائیورز کے 88 ہزار سے زائد چالان کئے گئے، صوبے کے تمام اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتہ میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف 5300 سے زائد مقدمات درج ہوئے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 19 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا ، کم عمر ڈرائیورز کو گاڑی اور موٹر سائیکل دینے والے والدین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔  ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے تمام سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس افسران کو بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پرگاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والے کم عمر ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں ،ایسے ناتجربہ کار ڈرائیورز اپنے ساتھ دیگرشہریوں کی زندگیوں کیلئے خطرات کا باعث بنتے ہیں ۔  ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے مزید کہا کہ  پنجاب بھر میں ٹریفک ایجوکیشن سسٹم کو اور مضبوط کیا جارہا ہے ، ایجوکیشن ٹیمز سکول ،کالجز،یونیورسٹیز اوردیگر اداروں میں جا کر ٹریفک کا شعور اجاگر کریں۔ مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے کہ  بحیثیت ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب میرا والدین کو پیغام ہے کہ اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ مت کرنے دیں، ان کا مستقبل خطرے میں مت ڈالیں۔