گورو کے مہمان پاکستان سے اچھی یادیں لے کر واپس جائیں گے، سردار امیر سنگھ

11-25-2023

(لاہور نیوز) پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ کا کہنا ہے گورو کے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر واپس جائیں گے۔

سردار امیر سنگھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کے استقبال کے ساتھ ساتھ ان کے لئے بہترین لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے، یاتریوں کے لئے بھارتی کرنسی تبدیل کروانے کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے، سکھ یاتری جہاں جہاں بھی جائیں گے، ان کو ہر مقام پر بہترین سہولیات متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے کہا شرومنی کمیٹی کو کہوں گا کہ یاتری پوچھتے ہیں کہ ٹرینیں کیوں بند ہیں، ان کو علم ہونا چاہئے کہ ہماری ٹرینیں لینا بھارتی حکومت نے بند کیا ہے، آج بھارتی حکومت ٹرینیں لینے کی اجازت دیدے، حکومت پاکستان فوری طور پر سکھ یاتریوں کو لانے کے لئے ٹرینیں چلا دے گی، گورو کے مہمانوں کو عزت دینا، اچھی سہولیات دینا ہماری ذمہ داری ہے جو ہم پوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا سکھ یاتریوں کو لانے والی ٹرینیں چلانا حکومتوں کا کام ہے، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی یا متروکہ وقف املاک بورڈ کا اختیار نہیں ہے، سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام کے دوران اعلی قسم کی ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔