وزیراعلیٰ علیٰ الصبح تھانہ شیرا کوٹ پہنچ گئے،بغیر لائسنس 11 موٹرسائیکل ڈرائیورز رہا

11-25-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علیٰ الصبح صوبائی کابینہ کے ہمراہ تھانہ شیرا کوٹ پہنچ گئے، فرنٹ ڈیسک کا عملہ غائب،کمپیوٹر اورانٹرنیٹ بھی بند تھا۔

 بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے متعدد نوجوان حوالات میں بند تھے،وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ نوجوانوں نے بتایا کہ ہم بغیرلائسنس موٹر سائیکل چلارہے تھے،پولیس نے گرفتار کر لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے 11نوجوانوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  پولیس کو نوجوانوں کے والدین سے بیان حلفی لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جارہا ہے،آپ پہلے لائسنس بنائیں،پھر موٹر سائیکل چلائیں۔ رہاہونے والے 11نوجوانوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ اداکیا۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے موقع پر ہی ڈی آئی جی آپریشنز کو فون کیا اورفرنٹ ڈیسک کیلئے متبادل ڈیوائس لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں موجود بزرگ خاتون حنیفاں بی بی کا مسئلہ سنا اوربزرگ خاتون کے بیٹے کی بازیابی کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رپورٹنگ روم میں بیٹھے نوجوان سے تھانے میں آنے کی وجہ پوچھی تو نوجوان نے بتایا کہ میری دکان سے تاریں اورڈائیاں چوری ہوگئی ہیں، پولیس رپورٹ درج نہیں کررہی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس ایس پی لا ء اینڈ آرڈر کوشکایت کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔  صوبائی وزراء منصورقادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصراورابراہیم مراد بھی ہمراہ تھے۔