کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کا انکشاف
11-24-2023
(لاہور نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی مبینہ نااہلی سامنے آ گئی۔ شہر کی سڑکوں پر دندناتی کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کا انکشاف ہو گیا۔
لاہور میں70 لاکھ سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ ان گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں سموگ کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ ہے۔ متعلقہ ادارے ان گاڑیوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ، ریجنل ٹرانسپورٹ کمپنی اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ کیش ڈلیوری اور کوریئر سروس کی گاڑیوں کے بھی روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہیں۔ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ بننے سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ کمرشل گاڑیاں فضائی آلودگی میں بھی خطرناک حد تک اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے ان کمرشل گاڑیوں کو قانونی دائرہ کار میں لانے کی استدعا کی ہے۔