سموگ:مصنوعی بارش کیلئے 35 کروڑ روپے کا تخمینہ، سمری محکمہ خزانہ کو ارسال
11-24-2023
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کے دوران مصنوعی بارش برسانے کے لیے 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق لاہور میں مصنوعی بارش کرنے پر 35کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کی سمری سیکرٹری خزانہ کو بھجوائی گئی ہے جو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش کے حوالے سے ابتدائی سمری بھجوائی گئی ہے، مصنوعی بارش کے لئے محکمہ موسمیات اور محکمہ ماحولیات کا بڑا کردار ہے، دونوں محکموں کے احکامات پر کلاؤڈ سیڈنگ راکٹ فائر کئے جائیں گے ۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ مصنوعی بارش برسانے کیلئے سب سے تیز ٹیکنالوجی ہے جس کیلئے چین سے بات ہو گئی ہے اور جلد چینی ماہرین پاکستان آئیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی کوشش ہے کہ رواں سال ہی مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جائے۔