علی ظفر کا عالمی فنکار برادری سے غزہ میں مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ
11-24-2023
(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے عالمی فنکار برادری سے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔
حال ہی میں گلوکار علی ظفر نےدبئی میں منعقدہ ایک ایوارڈ فیسٹیول میں شرکت کی جس میں عرب فنکاروں سمیت،دنیا بھر کی معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا، تقریب میں جہاں علی ظفر بہترین پاکستانی گلوکار کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے وہیں انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بھی آواز بلند کی۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے علی ظفر نے عالمی فنکار برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر غزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، فلسطین اور غزہ میں کئی دہائیوں سے مظالم جاری ہیں اور ہر کوئی ان مظالم کو دیکھ رہا ہے۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ فنکاروں اور اداکاروں کی خوش نصیبی ہے کہ ان کی آواز زیادہ لوگوں تک پہنچتی ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم آرٹسٹ ہیں، اداکار ہیں، لیکن اس سے پہلے ہم انسان بھی ہیں۔ علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ بطور انسان ہمیں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔