پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کیخلاف آپریشن، ایک اور مجرم گرفتار

11-24-2023

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کا بیرون ممالک مفرور اشتہاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، پنجاب پولیس نے قبضہ گروپ، اقدام قتل، ہوائی فائرنگ کے جرائم میں مطلوب ایک اور خطرناک اشتہاری کو عمان سے گرفتار کر لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس سپیشل اسکواڈ کی ٹیم اشتہاری مجرم محسن علی کو عمان سے گرفتار کرکے وطن پہنچ گئی، پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور انٹرپول کی باہمی کوآرڈی نیشن سے اشتہاری محسن علی کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروا کر مسلسل تعاقب جاری رکھا گیا، آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری  کے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے،سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے،بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 136 ہو گئی ہے،  اشتہاری مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، افریقہ اور خلیجی ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا۔